ملک بھر کی مساجد میں آج لاکھوں فرزندان اسلام آج 20 رمضان المبارک کو نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے آغاز کے ساتھ ہی عبادت، ذکر اور دعا کی خصوصی فضا قائم ہوجائے گی اور مساجد میں روحانیت کی رونقیں مزید بڑھ جائیں گی۔
اسلامی تعلیمات کے مطابق معتکفین آخری عشرے کے دوران خصوصی عبادات کے ذریعے ہزار مہینوں سے افضل رات لیلۃ القدر کی تلاش کریں گے۔ اعتکاف عید الفطر کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا جس کے بعد معتکفین اپنی عبادت مکمل کرکے گھروں کو واپس لوٹیں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں اعتکاف کے لیے مساجد میں خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مساجد کی انتظامیہ اور مقامی کمیٹیوں نے معتکفین کے قیام، سحری اور افطار کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ عبادت میں مصروف افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب خواتین بھی گھروں میں اعتکاف کریں گی اور آخری عشرے میں عبادات، تلاوت قرآن اور نوافل کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔ اسلام آباد میں فیصل مسجد جبکہ داتا دربار کی مسجد میں اس سال تقریباً 1600 افراد اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ معتکفین کے قیام و طعام کے تمام اخراجات محکمہ اوقاف پنجاب برداشت کرے گا۔
اسی طرح تاریخی بادشاہی مسجد میں تقریباً 800 افراد اعتکاف کریں گے۔ اس کے علاوہ جامع مسجد القادسیہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ اور جامع مسجد شہداء سمیت دیگر بڑی مساجد میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ مختلف دینی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے اجتماعی اعتکاف کے پروگرام بھی منعقد کیے گئے ہیں جہاں علما کرام کی جانب سے دروس قرآن اور اصلاحی بیانات کا اہتمام کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں آج 21 واں روزہ ہے اور گزشتہ رات سے وہاں کی مساجد میں اعتکاف کا آغاز ہوچکا ہے۔ دنیا کی دو مقدس ترین مساجد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں 3200 جبکہ مسجد الحرام میں تقریباً 3000 افراد اعتکاف کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے معتکفین کے لیے خصوصی مقامات مختص کیے گئے ہیں تاکہ عبادت کا ماحول برقرار رکھا جاسکے۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ کے مطابق اعتکاف کے لیے 4 مرکزی ہالوں میں 48 مقامات مختص کیے گئے ہیں۔ مردوں کے لیے مشرقی چھت پر جبکہ خواتین کے لیے مشرقی سمت کی نئی توسیع شدہ عمارت میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف مسلمانوں کے لیے روحانی تربیت کا اہم ذریعہ ہے جس کے ذریعے بندہ اپنے رب کے ساتھ تعلق مضبوط کرتا ہے اور عبادت، دعا اور توبہ کے ذریعے اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔