سعودی عرب : حرمین شریفین میں اعتکاف کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر آگئی

سعودی عرب : حرمین شریفین میں اعتکاف کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر آگئی

سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین شریفین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔

اعتکاف کے لیے سب سے معزز مقامات کی بات کی جائے تو وہ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، جو اسلام کی دو مقدس ترین مساجد ہیں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان المبارک میں اعتکاف کے لیے ان مساجد کا رخ کریں ۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اعتکاف کی رجسٹریشن کے لیے ادارہ حرمین کی ویب سائٹ پر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اعتکاف کرنے کے خواہشمند مرد و خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادارے کی ویب سائٹ پر اپنا اکاونٹ بنائیں یا اگر ان کا اکاونٹ موجود ہے تو اس کے ذریعے لاگ ان کریں۔

رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام اورمسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا جو 30 رمضان المبارک (شوال کا چاند دکھائی دینے تک) ہوگا۔

ادارہ امورحرمین کے مطابق کے لیے تعداد محدود ہے اس حوالے سے خواہشمند اپنا اکاؤنٹ جلد مکمل کرلیں،  مقررہ تعداد مکمل ہونے پر رجسٹریشن کا عمل بند کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک میں عمرہ ویزا کیسے حاصل کریں ، اجرا سے روانگی تک تفصیل جانیے

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لیلۃ القدر (ہزاروں مہینوں سے بہتر رات) کی تلاش میں اہل ایمان دنیا سے کٹ کر اپنا ناطہ اس واحد بزرگ و برترہستی سے جوڑ لیتے ہیں ،جس کی بادشاہت لازوال ہے، ویسے تو پورا رمضان المبارک ہی رحمتوں اور برکتوں سے معمور ہے لیکن آخری عشرے میں مسجد میں اللہ رب العزت کی خوشنودی کے لیے اعتکاف کرنا رسول کریمﷺ کی سنت ہے۔

 اعتکاف کرنے والے اپنی تمام تر توجہ عبادات، تسبیحات اور اذکار کی طرف مرکوز کرکے دنیا سے ناطہ توڑ لیتے ہیں ، متعکفین اس دوران تلاوت قرآن اور نوافل اداکرتے ہیں، آخری عشرے کی طاق راتوں لیلتہ القدر کی تلاش کی جاتی ہے رات بھر عبادت کی جاتی ہے۔

یہ لوگ اللہ تعالی کے مہمان ہوتے ہیں، اعتکاف میں شرکت کے لیے اللہ کے مہمان بیس رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور اذان مغرب کے ساتھ ہی ان کا اعتکاف شروع ہوجاتا ہے جبکہ شوال المبارک کا چاند نظر آتے ہی ختم ہوجاتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *