بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف میچ سے قبل ہی ایک بڑا دھچکا لگ گیا ہے،ہندوستانی ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی کی پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے
انڈین اوپنر ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کے باعث مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے اور ان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اتوار کو پاکستان کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ابھیشیک شرما کی طبیعت 6 فروری کو ممبئی میں نیٹ سیشن کے بعد کھانے کے باعث خراب ہوئی۔ اگلے دن امریکا کے خلاف میچ میں ان کی حالت مزید بگڑ گئی اگرچہ انہوں نے میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا، لیکن بیٹنگ میں کوئی اثر نہیں ڈال سکے اور پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں وہ نمیبیا کے خلاف میچ کے لیے ٹیم کے ساتھ نئی دہلی گئے، مگر معدے کے انفیکشن کی وجہ سے ان کی حالت مزید خراب ہوگئی اور انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا۔ جمعرات کو نمیبیا کے خلاف میچ سے قبل ابھیشیک ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے، تاہم انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
نمیبیا کے خلاف میچ کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ “ابھیشیک مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہیں اور وہ ایک یا دو میچز نہیں کھیلیں گے اس بیان کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ابھیشیک شرما کچھ دن مزید میدان سے باہر رہیں گے۔
توقع تھی کہ ابھیشیک پاکستان کے خلاف میچ کے لیے مکمل فٹ ہوں گے، لیکن کپتان کے بیان کے بعد ان کی شرکت مشکوک نظر آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اگلا میچ 15 فروری کو کولمبو میں پاکستان کے خلاف کھیلنا ہے۔