وزیراعظم شہباز شریف نے 38 ارب روپے مالیت کے رمضان ریلیف پیکیج 2026 کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے،اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے بٹن دبا کر پروگرام کا اجرا کیا، جس کے ساتھ ہی مستحق خاندانوں کو رقوم کی منتقلی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس پیکیج کے تحت ایک کروڑ اکیس لاکھ مستحق خاندانوں کو براہ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، جس میں صاحب استطاعت افراد دکھی انسانیت کی مدد کرتے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے امداد کی فراہمی کا نظام غیر مؤثر اور شکایات سے بھرپور تھا، اس لیے اسے ختم کر کے ڈیجیٹل طریقہ کار متعارف کرایا گیا۔ گزشتہ سال 20 ارب روپے شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائے گئے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا تھا۔
رواں سال پیکیج کے لیے 38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 28 ارب روپے ایسے 21 لاکھ خاندانوں کے لیے رکھے گئے ہیں جو کسی سرکاری کفالت پروگرام میں شامل نہیں۔
کفالت پروگرام سے مستفید ہونے والے ایک کروڑ خاندانوں کے لیے مزید 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام نے 13000 روپے مستحقین کے لیے حکومت کا احسن اقدام ہے انہوں نے کہا کہ ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائیں گی
ادائیگی کے نظام کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے اور وزیراعظم خود بھی عمل کی نگرانی کریں گے۔ عوام کی رہنمائی کے لیے 9999 ہیلپ لائن بھی فعال کر دی گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پیکیج کمزور طبقات کے لیے ایک بڑا ریلیف اقدام ہے جس کا مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت اور براہ راست مالی مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رمضان کے مہینے میں بنیادی ضروریات پوری کر سکیں۔