پیٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں کے طریقہ کار پر ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

پیٹرول پمپ مالکان کا  قیمتوں کے طریقہ کار پر ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

 آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کی وارننگ دے دی ہے۔

آل پاکستان پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے مطابق، موجودہ نظام پمپ مالکان کے لیے معاشی طور پر ناقابلِ قبول ہو چکا ہے اور ان کے تحفظات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اور وزارتِ پیٹرولیم کے سامنے اپنے مطالبات دو ٹوک انداز میں رکھے ہیں۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے یا کمی کے فیصلے کرتے وقت اسٹیک ہولڈرز اور ایسوسی ایشن کو لازمی طور پر اعتماد میں لیا جائے۔ بڑھتی ہوئی کاروباری لاگت اور بجلی کے بھاری بلوں کے پیشِ نظر ڈیلرز مارجن (کمیشن) پر نظرثانی کی جائے۔

نعمان بٹ کے مطابق ملک بھر کے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان موجودہ حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ اگر مذاکرات کے ذریعے فوری حل نہ نکالا گیا تو ملک گیر بندش کی تمام تر ذمہ داری وزیرِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک پہلے ہی مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، ایسے میں پیٹرول پمپس کی بندش سے سپلائی چین مکمل طور پر مفلوج ہو سکتی ہے۔پمپس بند ہونے سے مال بردار ٹرکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام ہو جائے گا۔

ایندھن کی عدم دستیابی سے منڈیوں تک سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی رسائی رک جائے گی، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آ سکتا ہے۔ انڈسٹری کو ایندھن کی فراہمی رکنے سے پیداواری عمل شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حکومت کی جانب سے تاحال اس دھمکی پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر حکومت اور ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے تو شہریوں کو ایندھن کے حصول کے لیے شدید ذلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: عوام کے لیے بڑا ریلیف: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کا اعلان

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *