پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کے نام تحریری خط میں پیش کیا، جس میں انہوں نے پارلیمنٹ پر شدید تنقید کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق استعفے کے متن کے مطابق مراد سعید کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ کی بنیاد جعلی اور ناجائز ہے اور یہ ادارہ عوام کے مینڈیٹ کی توہین میں شریک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے حالات میں وہ سینیٹ کی نشست پر برقرار رہنا مناسب نہیں سمجھتے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بھی مراد سعید کے سینیٹ سے استعفے کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی ہے۔ مراد سعید جولائی 2025 میں خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، تاہم وہ روپوش رہنے کے باعث سینیٹ میں حلف نہیں لے سکے تھے۔
مراد سعید کا استعفیٰ سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بن گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے بعض رہنما اسے موجودہ سیاسی صورت حال میں احتجاجی اقدام قرار دے رہے ہیں۔ اب اس نشست پر خالی ہونے کے بعد آئندہ انتخابات یا تقرری کے ذریعے نئی نامزدگی کا امکان ہے۔