وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ایک تاریخ ساز موقع ہے، خلیج میں جنگ نہیں بلکہ امن کی بات ہو رہی ہے اور دونوں فریقین مذاکرات پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ایران اور امریکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے ان کی تجویز کو قبول کیا اور دونوں کی قیادت پاکستان آ رہی ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے بھی ایک اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا اور انہیں اسلام آباد آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے اور قیامت خیز مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے حکومت نے 129 ارب روپے خرچ کیے۔ وزیراعظم کے مطابق عوام نے صبر اور برداشت کے ساتھ مہنگائی کا بوجھ برداشت کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں.