پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے آئل اور گھی پر خصوصی رعایت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے پاکستان گھی مل مالکان کی ملاقات ہوئی، جس کے بعد معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ رمضان المبارک میں تمام گھی اور آئل پر 10 روپے سے 16 روپے فی کلو/لٹر پیکٹ رعایت دی جائے گی۔
سلمیٰ بٹ کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں ہر فرد تک معیاری اور بارعایت آئل اور گھی مارکیٹ میں میسر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں پام آئل کی قیمتیں کم ہونے کی صورت میں انڈسٹری فوڈ اتھارٹی سے مشاورت کے ساتھ قیمت میں فوری ریلیف دے گی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ معیاری گھی کی فراہمی کے لیے مارکیٹ میں جدید سسٹم متعارف کروانے کی فوری ضرورت ہے، جبکہ ٹرانس فیٹی ایسڈ کو کم کرنے کے لیے سستے اور جدید طریقے موجود ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق گھی کی کوالٹی اور ٹیسٹنگ کے عمل کو جدید اور بین الاقوامی طرز پر لایا جا رہا ہے، جبکہ ناقص کوالٹی گھی کی مارکیٹ میں سپلائی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین گھی مل ایسوسی ایشن نے کہا کہ آئل اور گھی کے معیار میں بہتری اور یونٹ مینجمنٹ کے حوالے سے فوڈ اتھارٹی نے انڈسٹری کی رہنمائی کی ہے۔