وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے “اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کے تحت 19 اضلاع میں 2 ہزار مفت پلاٹس کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی مکمل کر دی ہے۔
اس اسکیم کے ذریعے مستحق اور بے گھر خاندانوں کو بغیر کسی فیس کے مالکانہ حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کیا، جس کے بعد جہلم، قصور اور دیگر 17 اضلاع کے خوش نصیب افراد کو ان کے پلاٹ نمبر، سائز اور بلاک کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
پہلے مرحلے میں جہلم میں 730 پلاٹس، قصور میں 388 پلاٹس جبکہ فیصل آباد، لودھراں، اوکاڑہ سمیت دیگر اضلاع کے مستحقین شامل ہیں۔
قرعہ اندازی میں ریڑھی بان، دکاندار، مکینک اور دیہاڑی دار افراد کے نام نکلے ہیں، جنہیں اب اپنی زمین کا مالک بنا دیا گیا ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود خوش نصیب افراد کو باقاعدہ الاکیشن لیٹرز فراہم کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف پلاٹ ہی نہیں، بلکہ حکومت پنجاب ان خاندانوں کو گھر کی تعمیر میں بھی مدد فراہم کرے گی۔ پلاٹ حاصل کرنے والے افراد “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے، جس کی واپسی انتہائی آسان ماہانہ اقساط میں ہوگی تاکہ کم آمدنی والے طبقے پر بوجھ نہ پڑے۔
صوبائی وزیر نے کہا: “ہم کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی طور پر غریب عوام کو ان کی اپنی چھت دے رہے ہیں۔ یہ پلاٹس مکمل طور پر مفت ہیں اور کوئی پوشیدہ فیس وصول نہیں کی جا رہی۔”