آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام، طلبا کے لیےنادر موقع

آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام، طلبا کے لیےنادر موقع

ملک میں نوجوان نسل کی قومی اور فکری تربیت کے مقصد سےانٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام ونٹر انٹرن شپ پروگرام بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے تحت مختلف شہروں کے طلباء کو دفاعی اداروں کے عملی ڈھانچے، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور قومی سلامتی کے تقاضوں سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

اسی سلسلے میں گوادر کے طلباء کے ایک وفد نے گوادر نیول بیس اور میرین ٹریننگ سینٹر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شرکاء کو زمینی حقائق، میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز، ساحلی نگرانی کے نظام اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا تھا۔ حکام کی جانب سے طلباء کو بحری دفاع کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی اور جدید سہولیات کا مشاہدہ بھی کروایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 میں شریک طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

طلباء نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے براہ راست نشستوں اور نیول بیس کے مطالعاتی دوروں کا انعقاد نہایت مثبت اور معلوماتی اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف کتابی علم کو عملی تجربے سے جوڑتے ہیں بلکہ دفاعی اداروں کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو قریب سے سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے تحت کوئٹہ کی مختلف جامعات کے ایک سو پچاس طلبا و طالبات کو شوٹنگ رینج اور پاکستان گیلری کا دورہ بھی کروایا گیا، جہاں انہیں قومی تاریخ، عسکری کامیابیوں اور دفاعی تیاریوں سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی۔ شرکاء نے عملی مظاہروں اور تربیتی سرگرمیوں میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور قومی سلامتی کے تقاضوں پر سوالات کیے۔

طلباء نے آئی ایس پی آر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوانوں میں حب الوطنی، ذمہ داری کے احساس اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے معلوماتی اور تربیتی پروگراموں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ ملک کے مختلف علاقوں کے نوجوان قومی اداروں کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم کر سکیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس قسم کی سرگرمیاں نوجوان نسل کو قومی معاملات سے جوڑنے، شعور بیدار کرنے اور ملک کے دفاعی ڈھانچے پر اعتماد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جو ایک مضبوط اور باخبر معاشرے کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *