اورکزئی ایجنسی کے علاقےتوڈہ میلہ میں شدید جھڑپ کی اطلاعات جہاں پاکستان کی سیکوڑٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خوارج کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع اورکزئی کے علاقے توڈہ میلہ میں سیکیورٹی فورسز نےدہشت گردوں (خوارج) کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، علاقے میں خوارج اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں شرپسندوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، پولیس نے توڈہ میلہ کے قریب کچھ مشکوک افراد کو سیکیورٹی فورسز کی ایک پوسٹ کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا۔ بروقت اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیا اور خوارج کی پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔
جھڑپ کے دوران دونوں اطراف سے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے باعث خوارج پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے اورجوابی فائرنگ میں متعدد خوارج کے مارے جانے اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی فورسز کی جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، اور جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے اور قریبی پہاڑی سلسلوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے سرحد اور حساس مقامات پر نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان کی باجوڑ،مہمند اور دیر کے سرحدی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ، پاکستان کا منہ توڑ جواب، دشمن کی گنیں خاموش