خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک اہم اور بڑی سفارتی بیٹھک کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔
اجلاس کی صدارت پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں، یہ اہم پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز اور تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اس وقت عالمی سفارتکاری کا مرکز بن چکا ہے۔
چار فریقی اجلاس میں پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی نمائندگان ایک ہی میز پر جمع ہو کر خطے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کر رہے ہیں۔
اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہیں، یہ تمام رہنما نہ صرف اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں بلکہ خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ ذمہ داری بھی ادا کر رہے ہیں۔
اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اس موقع پر امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز اور سفارتی اقدامات زیر بحث آئیں گے۔سفارتی حلقوں کے مطابق یہ اجلاس خطے کی صورتحال پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد میں اس نوعیت کی اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں کا انعقاد پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، یہ پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان نہ صرف خطے میں ایک اہم ملک ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و استحکام کے لیے ایک ذمہ دار اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔
اسلام آباد کا عالمی سفارتکاری کا مرکز بننا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان پر عالمی برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور ملک خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک کلیدی پلیٹ فارم کے طور پر ابھر رہا ہے۔