نیا تعلیمی سال، طلبہ کو مفت درسی کتب دینےکا فیصلہ

نیا تعلیمی سال، طلبہ کو مفت درسی کتب دینےکا فیصلہ

نئے تعلیمی سال کے آغاز پر محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے طلبہ کے لیے تقریباً تین کروڑ مفت درسی کتب تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانا اور سکولوں میں تدریسی عمل کو مؤثر بنانا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق رواں سال بھی تمام طلبہ کو نئی کتابیں فراہم کرنا ممکن نہیں ہو سکے گا، جس کے باعث لاکھوں طلبہ کو پرانی کتب پر انحصار کرنا پڑے گا۔

محکمہ تعلیم کی حکمت عملی کے تحت سکولوں میں قائم بک بینک کے ذریعے ایسے طلبہ کو پرانی کتابیں فراہم کی جائیں گی جو نئی کتابوں سے محروم رہیں گے، اس نظام کے ذریعے وسائل کی کمی کو کسی حد تک پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔

تقسیم کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نرسری سے تیسری جماعت تک کے طلبہ کو سو فیصد نئی کتابیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو اسی فیصد کتابیں دی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں :سکولوں کیلئے نئے اوقات اور شیڈول کا اعلان

اسی طرح چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت کے طلبہ کو پچاس فیصد نئی کتابیں ملیں گی اور باقی ضرورت بک بینک سے پوری کی جائے گی، دہم جماعت کے طلبہ کو ایک بار پھر سو فیصد نئی درسی کتب فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی اہم تعلیمی تیاری متاثر نہ ہو۔

محکمہ تعلیم کے مطابق رواں سال تین کروڑ سے زائد درسی کتب شائع کی جا چکی ہیں، جن میں سے اب تک دو لاکھ تیس ہزار کتابیں طلبہ میں تقسیم بھی کی جا چکی ہیں،پیما اور پیف کے تحت چلنے والے سکولوں کو بھی انہی کتب میں سے حصہ فراہم کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو درسی کتب فراہم کی جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں، تاہم وسائل اور طلبہ کی بڑی تعداد کے باعث مکمل فراہمی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔

editor

Related Articles