محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 9 اور 10 فروری کو پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور دیگر شہروں میں بارش ہوگی اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کے داخلے کے بعد کراچی میں ہواؤں کی رفتار بڑھ سکتی ہے۔ آج شہر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ کل بروز پیر ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔