پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شرکت کی ہے، جہاں پی اے ایف کی جانب سے جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک III ملٹی رول فائٹر طیارہ اور سپر مشاق بنیادی تربیتی طیارہ کی شاندار نمائش کی جا رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو دفاع اور سکیورٹی کے شعبے کا ایک معتبر اور بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے، جہاں دنیا بھر سے دفاعی ماہرین، عسکری قیادت، پالیسی ساز اور دفاعی صنعت سے وابستہ ادارے شرکت کرتے ہیں۔ اس نمائش میں پی اے ایف کی موجودگی پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی مقامی فضائی و دفاعی ٹیکنالوجی، آپریشنل مہارت اور قابلِ اعتماد دفاعی حل کی عکاسی کرتی ہے۔
نمائش میں پیش کیا جانے والا جے ایف-17 تھنڈر بلاک III جدید ایویونکس، جدید اے ای ایس اے ریڈار، بہتر الیکٹرانک وارفیئر سسٹم اور بیونڈ وژول رینج صلاحیتوں سے لیس ہے، جو اسے جدید فضائی جنگی تقاضوں کے مطابق ایک مؤثر 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ بناتے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ طیارہ نہ صرف کم لاگت بلکہ اعلیٰ جنگی کارکردگی کا حامل ہے، جو عالمی منڈی میں اسے ایک پرکشش انتخاب بناتا ہے۔
دوسری جانب سپر مشاق بنیادی تربیتی طیارہ اپنی مضبوط ساخت، کم آپریشنل لاگت، آسان دیکھ بھال اور مؤثر تربیتی صلاحیتوں کے باعث عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہ طیارہ پہلے ہی متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے اور نئے پائلٹس کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پی اے ایف کی شرکت دفاعی تعاون کے فروغ، دفاعی برآمدات کے امکانات میں اضافے اور دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
نمائش کے دوران مختلف ممالک کے بین الاقوامی وفود، اعلیٰ دفاعی حکام اور عسکری صنعت سے وابستہ شخصیات پی اے ایف کے نمائندگان سے ملاقاتیں کریں گی، جہاں تربیت، ٹیکنالوجی منتقلی، مشترکہ پیداوار اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفاعی مبصرین کے مطابق پی اے ایف کی یہ شرکت نہ صرف پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی علامت ہے بلکہ عالمی دفاعی منڈی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا بھی واضح ثبوت ہے۔