پاکستان سپر لیگ 11 کے ایک دلچسپ مقابلے میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی، کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں آخر تک مقابلہ برابر رہا اور فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔
میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم بیٹنگ کرتے ہوئے 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیٹیم کی جانب سے کوشل پریرا نے 58 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین نے 27 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفیان مقیم اور افتخار احمد نے چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جس کے باعث حیدرآباد کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے 146 رنز کا مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کر لیا۔ ٹیم کی جانب سے بابر اعظم نے 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کوشل مینڈس نے 27 اور بریسول نے 25 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 19 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
میچ سے قبل ایک خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پاکستان سپر لیگ کے سی ای او سلمان نصیر نے ٹاس کے موقع پر علامتی طور پر امن کی فاختہ اڑائی۔
اس موقع پر بابر اعظم، مارنس لبوشین اور میچ ریفری روشن ماہنامہ بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔