پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے، جس میں ملتان سلطانز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پی ایس ایل 11 میں آج آرام کا دن ہے، اور دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے کراچی میں ہوگا۔
کل، 8 اپریل کو حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کے درمیان میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جہاں پشاور زلمی بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ حیدرآباد کنگزمین کی قیادت مارنس لاپوشین کریں گے، دونوں ٹیمیں شام سات بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے گئے، جس میں ملتان سلطانز نے 5 میچز کھیلے اور 4 میچز میں کامیابی سمیٹی جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے پہلے مرحلے میں 3 میچز کھیلے اور تمام میچز میں کامیابی حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری پوزیشن پر ہیں، جنہوں نے 4 میچز کھیلے اور 3 جیتے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا ، لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 3 میچز میں 2 میچز جیتے اور ایک میں شکست سے دوچار ہوا، پشاور زلمی پانچویں نمبر پر ہیں، جنہوں نے دونوں میچز میں کامیابی سمیٹی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 4 میچز میں سے صرف ایک میچ جیتا اور تین میں شکست کا سامنا کیا، جس کی وجہ سے وہ چھٹے نمبر پر ہیں، راولپنڈی زلمی اور حیدرآباد کنگزمین ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں، اور دونوں ٹیمیں ابھی تک کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کفایت شعاری پروگرام کے تحت، تمام میچز لاہور اور کراچی میں کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاکہ سہولیات اور وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے۔