وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مفت سفری سہولیات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اس اقدام کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جس کے تحت میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں میں شہریوں کو بلا معاوضہ سفر کی سہولت دی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن ٹرین سے روزانہ 3 لاکھ سے زائد مسافر فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ لاہور میٹرو بس کے ذریعے ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ اسی طرح سپیڈو بسوں کے ذریعے تقریباً پونے 2 لاکھ اور گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے روزانہ لگ بھگ ساڑھے 17 ہزار مسافر مفت سفر کر سکیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت روزانہ قریباً 9 لاکھ مسافر اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ 18 اضلاع میں بھی الیکٹرک بسوں کے ذریعے لاکھوں افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے امریکی طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کر لیا،مزاکرات جاری رکھنے کا بھی اعلان
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو نمایاں ریلیف ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کی جائے گی۔
پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق صوبے بھر میں شہری سرکاری بسوں پر مفت سفر کر سکیں گے۔

