پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 100 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبوں کے ساتھ مل کر سبسڈی کا مشترکہ فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں درآمدی لاگت کے مقابلے میں نمایاں فرق موجود ہے، جسے مرحلہ وار صارفین پر منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اوگرا کی سفارشات کے بعد نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی اور دیگر اقدامات بھی زیرِ غور ہیں، تاہم ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈیزل مہنگا ہونے کی صورت میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔