خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور سیکیورٹی تقاضوں کے پیش نظر فضائی حدود سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور اور کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن کے مختلف روٹس کو مخصوص اوقات میں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے باقاعدہ نوٹم جاری کر دیا گیا ہے تاکہ تمام متعلقہ اداروں اور ایئرلائنز کو پیشگی آگاہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ایئر انڈیا مالی بحران کا شکار
اعلامیے کے مطابق لاہور اور کراچی کے فضائی معلوماتی خطوں میں شامل مختلف سیکٹرز کو 3 مارچ سے 31 مارچ تک کمرشل پروازوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد پاک فضائیہ کی جاری مشقوں کے دوران فضائی سرگرمیوں کو محفوظ بنانا ہے۔
حکام کے مطابق مشقوں کے دوران مخصوص فضائی راستوں پر عسکری طیاروں کی پروازیں ہوں گی جس کے باعث حفاظتی نقطہ نظر سے کمرشل پروازوں کا داخلہ محدود یا مکمل طور پر معطل رکھا جائے گا۔ اس مدت کے دوران متبادل فضائی راستے استعمال کیے جائیں گے تاکہ بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ جاری رہ سکے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ایئرلائنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے شیڈول میں پیشگی رد و بدل کریں اور مسافروں کو ممکنہ تاخیر یا روٹس میں تبدیلی سے آگاہ رکھیں۔ ہوابازی کے ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات معمول کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم موجودہ علاقائی حالات کے باعث احتیاطی تدابیر میں اضافہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:پاک فضائیہ اور پاک فوج نے افغانستان کے تمام بارڈر سیکٹر پر بڑا حملہ کر دیا

