پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں روڈ سیفٹی اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے حوالے سے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ‘ڈرائیونگ لائسنس مہم’ کے تحت محض 100 دنوں کے مختصر عرصے میں ریکارڈ 5.5 ملین (55 لاکھ) ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس غیر معمولی کامیابی نے نہ صرف شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کیا ہے بلکہ صوبے کے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے ‘DLIMS 2.0’ اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے آن لائن پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے لرنر لائسنس کے حصول اور تجدید کی سہولت فراہم کی گئی۔
اس ڈیجیٹل اقدام نے مراکز پر لگنے والی طویل قطاروں کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنسنگ مراکز کے اوقاتِ کار میں اضافہ کیا اور کئی بڑے شہروں میں 24/7 (چوبیس گھنٹے) سروس شروع کی، جبکہ موبائل لائسنسنگ وینز کے ذریعے تعلیمی اداروں اور دفاتر کی دہلیز پر سروس پہنچائی گئی۔
صوبائی حکومت نے اس مہم کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، بالخصوص بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن بھی کیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اپنے لائسنس بنوائے۔
اعداد و شمار کے مطابق، جاری کیے گئے 55 لاکھ لائسنسوں میں لرنر، ریگولر، انٹرنیشنل اور رینیوول کی تمام اقسام شامل ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس بڑے پیمانے پر لائسنسنگ سے سڑکوں پر حادثات میں کمی آئے گی کیونکہ اب ڈرائیورز کی بڑی تعداد ٹریفک قوانین کے ٹیسٹ اور ضابطوں سے گزر کر سڑک پر آئی ہے۔
مزید پڑھیں: سی سی ڈی پنجاب میں 1000 نئی بھرتیوں کی منظوری

