اسلام آباد کو لاہور سے ملانے کیلئے نئی موٹروے ،سفر 100کلو میٹر کم ہوگا۔عبدالعلیم خان

اسلام آباد کو لاہور سے ملانے کیلئے نئی موٹروے ،سفر 100کلو میٹر کم ہوگا۔عبدالعلیم خان

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں 12ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی سعد اختر بھروانہ، کمانڈنٹ ٹریننگ کالج عاصم گلزار سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران 401 افسران نے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آؤٹ کیا جن میں 67 خواتین افسران بھی شامل تھیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پریڈ کا معائنہ کیا اور چاک و چوبند دستوں کی سلامی لی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے جونیئر پٹرول افسران میں اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہراہوں کو محفوظ بنانا موٹروے پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز پر ریسکیو 1122 مراکز اور ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے جبکہ ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے باعث 90 فیصد گاڑیاں ایم ٹیگ استعمال کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:رمضان ریلیف پیکج،12500روپے لینے والوں کیلئے بڑی شرط ختم،اب پیسے کیسے ملیں گئے۔تفصیلات جانیے

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد، مری اور کراچی لیاری ایکسپریس وے کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور چمن موٹرویز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکھر اور حیدرآباد موٹروے جلد مکمل ہو کر کراچی پورٹ سے منسلک ہو جائے گی جسے آئندہ دو برس میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سے سیالکوٹ موٹروے کو کھاریاں کے ذریعے اسلام آباد سے منسلک کیا جائے گا جس سے فاصلہ تقریباً 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے مانسہرہ، کاغان اور ناران کو موٹروے کے ذریعے بابوسر ٹاپ سے جوڑنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جبکہ بابا گرو نانک ایکسپریس وے کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی جس سے سکھ یاتریوں کو خصوصی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود موٹروے پولیس ملک کی شاہراہوں پر بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔ کمانڈنٹ عاصم گلزار نے بتایا کہ ٹریننگ کالج میں افسران کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ شخصیت سازی کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

تقریب میں جونیئر پٹرول آفیسر ندا رخ فاطمہ نے آل راؤنڈ فرسٹ، عمارہ اکبر نے بیسٹ اِن اکیڈمکس جبکہ زین اعجاز نے بیسٹ اِن پریڈ اور ڈرائیونگ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور دیگر سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *