چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کولمبو پہنچ گئے ہیں جہاں وہ قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کریں گے اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے،نجی ٹی وی کے مطابق محسن نقوی کے ہوٹل پہنچنے پر روایتی ڈھول اور رقص کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر سری لنکن وزیر کھیل اور دیگر حکام بھی موجود تھے اور انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو خوش آمدید کہا۔چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سی ای او سلمان نصیر بھی ہیں۔ یہ وفد قومی ٹیم کے رہنماؤں اور کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کر کے ٹیم کی موجودہ فارم اور تیاریوں کا جائزہ لے گا۔
ہوٹل پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ صحافی نے ان سے آج بھارت کے ساتھ ہونے والے میچ کے حوالے سے سوال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ “اللہ تعالی خیر کرے گا، ہماری ٹیم اچھی فارم میں ہے اور انشاء اللہ شائقین کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔” ان کے یہ الفاظ ٹیم کے لیے حوصلہ افزا اور مثبت ماحول پیدا کرنے کے مترادف سمجھے جا رہے ہیں۔
چیئر مین پی سی بی کا یہ دورہ ٹیم کی حوصلہ افزائی اور سری لنکا میں پاکستان کرکٹ کی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔