محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی شدت کے پیشِ نظر الرٹ جاری کیا ہے، رپورٹ کے مطابق سوموار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور شام یا رات کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ اور ہری پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، زیریں اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے اضلاع بشمول ڈیرہ غازی خان، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانپور، بھکر، لیہ، ملتان اور خانیوال میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
شام اور رات کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، فیصل آباد، خوشاب، نورپور تھل اور پاکپتن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے اضلاع بشمول کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، خضدار، بارکھان، مستونگ، سبی، کوہلو، نصیر آباد اور لورالائی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی ہے، ساحلی علاقوں بشمول پنجگور، تربت، کیچ، آواران اور مکران کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے اضلاع بشمول سکھر، کشمور، گھوٹکی، جامشورو، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ دادو، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپورخاص، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں چند مقامات پر گرج چمک اور بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں شام اور رات کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا ہے، 7 اور 8 اپریل کو کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور مری گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں کھڑی فصلوں کو بھی ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔