دہشت گردی کے خلاف قوم متحد، سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،گورنر پنجاب

دہشت گردی کے خلاف قوم متحد، سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کے پیچھے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر سرگرم ہیں، تاہم ایسی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اور سکیورٹی ادارے ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے حالیہ خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور اسلام دونوں کے خلاف سنگین جرم ہے، کیونکہ کوئی بھی سچا مسلمان نہتے اور معصوم افراد پر حملے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں دشمن کی بزدلی اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں۔

سلیم حیدر خان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان دن رات ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج قوم متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کیونکہ یہ جنگ صرف اداروں کی نہیں بلکہ پورے ملک کی بقا کی جنگ ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پنجاب حکومت اور گورنر سردار سلیم حیدر خان میں وائس چانسلرز کی تعیناتی پر اختلافات

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جو عناصر معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلتے ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے دہشت گردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دشمن کے ہر ناپاک ارادے کو ناکام بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط اور پرامن ملک ہے اور رہے گا، اور کوئی بھی طاقت اسے عدم استحکام سے دوچار نہیں کر سکتی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *