دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والی افغان طالبان رجیم نے ملک کو سماجی اور معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ، سیکیورٹی کونسل کےاجلاس میں افغانستان کے قائم مقام مندوب نصیراحمد فائق نے افغان طالبان رجیم کی ناکامیوں کی قلعی کھول دی۔
اپنے بیان میں نصیراحمد فائق نے کہا کہ طالبان نے عالمی دہشتگرد گروپوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جو کہ دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے، طالبان کی سخت گیر پالیسیوں اور دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ نے خطے اور دنیا کیلئے خطرناک حالات پیدا کر دیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے تقریباً پانچ سال بعد بھی ان کی پالیسیوں میں کوئی بامعنی تبدیلی نظر نہیں آئی، افغانستان آج بھی طالبان کے جبر اور دھمکیوں کے باعث شدید سماجی ، انسانی، اقتصادی اور سیاسی بحرانوں کا شکار ہے۔
نصیر احمد نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے منظم طور پر محروم رکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق اقوام متحدہ میں افغان مندوب کا حالیہ بیان افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کے پاکستانی مؤقف کی جیت ہے، افغان طالبان رجیم دہشتگردوں کی پشت پناہی کر کے نہ صرف افغانستان بلکہ خطے کی سلامتی کو بھی شدید خطرے میں ڈال رہی ہے۔