شمالی علاقہ جات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
قومی ادارہ برائے آفات کے مطابق 14 سے 16 مارچ کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔
جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق گلگت، استور، دیامر، اسکردو، ہنزہ، غذر اور شگر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے امکانات بھی پیدا ہو سکتے ہیں جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، بارش اور برفباری کے باعث قراقرم ہائی وے سمیت مختلف سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور سفری مشکلات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق خراب موسمی حالات کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی عارضی بندش بھی ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری کرنے اور حالات کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔