وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کے اقدامات سے حاصل ہونے والی رقوم عوامی ریلیف کے لیے استعمال کی جائیں گی تاکہ موجودہ معاشی حالات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے استحکام اور حکومتی بچت اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ حکومتی اخراجات میں کمی سے حاصل ہونے والی بچت براہِ راست عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کفایت شعاری کے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری کارپوریشنز کے بورڈز میں شامل حکومتی نمائندے اب شرکت فیس وصول نہیں کریں گے۔
مزید یہ بھی طے پایا کہ پاکستان کے تمام سفارتخانوں کو ہدایت جاری کی جائے گی کہ وہ 23 مارچ کی تقریبات سادگی سے منائیں تاکہ غیر ضروری اخراجات سے بچا جا سکے۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرول وڈیزل آج مہنگا ہوگا یا سستا ، وزیر اعظم منظوری دیں گے

