ایک کرکٹ ٹیم کے لیے ورلڈ کپ میں شرکت کی خوشی کا موقع جلد ہی تشویش میں بدل گیا، جب اس ٹیم کے کپتان وین میڈسن ایک اہم میچ کے دوران کندھے کی سنگین چوٹ کا شکار ہو گئے۔
یہ واقعہ کولکتہ کے تاریخی ایڈنز گارڈنز اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ سی کا ساتواں میچ اٹلی اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔
میچ کے دوران اسکاٹ لینڈ کی اننگز کے چوتھے اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے اٹلی کے کپتان وین میڈسن اچانک زمین پر گر پڑے، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ان کا کندھا اپنی جگہ سے اتر چکا ہے۔
چوٹ کی شدت کے باعث وہ فوری طور پر میدان چھوڑ کر باہر چلے گئے، جس سے نہ صرف ٹیم کی قیادت متاثر ہوئی بلکہ کھلاڑیوں اور شائقین میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
میچ کے بعد اٹلی کے ہیڈ کوچ جان ڈیویسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی معائنے میں کپتان کے کندھے کے اترنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے فزیوتھراپسٹ نے موقع پر ہی علاج کی کوشش کی، تاہم چوٹ کی مکمل نوعیت جانچنے کے لیے مزید طبی اسکینز ناگزیر ہیں کوچ نے کہا کہ حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی کپتان کی دستیابی سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
جان ڈیویسن کا کہنا تھا کہ اگرچہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وین میڈسن ٹورنامنٹ سے مکمل طور پر باہر ہو چکے ہیں، لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان کی آئندہ میچز میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔