نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم سفارتی روابط کو مزید تیز کر دیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے یورپی اتحاد کی نائب صدر کاجا کالاس اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دنیا بھر میں بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور کاجا کالاس کے درمیان ہونے والی گفتگو میں خاص طور پر حالیہ عالمی کشیدگی، مختلف خطوں میں جاری تنازعات اور ان کے ممکنہ اثرات پر بات چیت ہوئی۔
نائب وزیراعظم نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں اور اس مقصد کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ثابت ہو سکتے ہیں، دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی رابطوں کو جاری رکھا جائے گا تاکہ بدلتی صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششیں،اسحاق ڈار کے عالمی رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے
اسی طرح ملائیشیا کے وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں بھی اسحاق ڈار نے خطے کی تازہ صورتحال، عالمی سطح پر درپیش مسائل اور ان کے حل کے ممکنہ طریقوں پر روشنی ڈالی۔

