عالمی سطح پر کشیدہ صورتحال اور پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ٹریفک پولیس نے شہریوں کو عارضی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق لاہور میں عید تک رکشہ اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے چالان نہیں کیے جائیں گے، اس اقدام کا مقصد مہنگے ایندھن کے دور میں عوام کو کچھ سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں کے اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے ، اسی وجہ سے عید تک نرم پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دوران ٹریفک قوانین کی آگاہی دی جائے گی مگر عام حالات میں ہونے والے چالان سے گریز کیا جائے گا۔
حکام نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر موجود ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کو بلا ضرورت اسٹارٹ کر کے کھڑا نہ رکھا جائے، اس سے پیٹرول کے ضیاع کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیسری سطح آ گئی تو ٹریفک پولیس سائیکل پر پیٹرولنگ بھی شروع کر سکتی ہے۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکن ہو تو پبلک ٹرانسپورٹ یا مشترکہ سفر کو ترجیح دیں، اس طرح ایندھن کی بچت کے ساتھ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آ سکتی ہے۔