آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ کی شمولیت کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا۔ اس سیزن میں وہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے 14 کروڑ روپے میں اسٹیو اسمتھ کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے جس کے بعد اسمتھ اب تک پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے لیے فرنچائزز کی جانب سے ری ٹین کیے جانے والے کھلاڑیوں کی رقم کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو 7 کروڑ روپے میں ری ٹین کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب روایتی ڈرافٹ سسٹم کی جگہ نیلامی پر مبنی ماڈل متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز اب ہر کیٹیگری سے 8 کے بجائے صرف ایک ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں جبکہ باقی کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔