نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی کی اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات کے دوران ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مستقل مکالمے کا تسلسل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈاکٹر عبدالناصر ہمتی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام ہی وہ بنیاد ہے جس پر معاشی تعاون اور مشترکہ ترقی کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ علاقائی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پرامن ماحول ناگزیر ہے اور اسی کے ذریعے دیرپا خوشحالی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد میں جاری سفارتی کوششوں اور ‘اسلام آباد ٹاکس’ کی اہمیت کو بھی سراہا گیا، جو خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہیں۔