جرمن کمپنی پونکیٹ نے ایک نیا اسمارٹ فون MC 03 تیار کیا ہے، جسے بغیر چارج کیے 6 سے 7 دن تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق MC 03 کی بیٹری لائف حیران کن حد تک دیگر اسمارٹ فونز سے بہتر ہے، جبکہ یہ فون صارفین کی پرائیویسی کو بھی مدنظر رکھتا ہے اور بیک گراؤنڈ میں ایپس کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو محدود کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق فون میں بائی ڈیفالٹ ایپس کو انٹرنیٹ تک رسائی نہیں دی گئی، جس سے بیٹری کا غیر ضروری استعمال ختم ہو جاتا ہے۔ اس خصوصیت کی وجہ سے بیٹری زیادہ دنوں تک چلتی ہے اور صارفین کو روزانہ چارج کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
MC 03 اوپن سورس اینڈرائیڈ پراجیکٹ پر مبنی AphyOS آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتا ہے، جو صارفین کے ڈیٹا اور پرائیویسی کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ فون میں 120 ہرٹز OLED ڈسپلے موجود ہے، جبکہ بیٹری کو آسانی سے نکال کر بدلنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ فون کے پچھلے حصے میں 3 کیمرے موجود ہیں، جو جدید اور معیاری فوٹوگرافی کے تجربے کی ضمانت دیتے ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ MC 03 کی بیٹری عام استعمال میں 6 سے 7 دن تک چلتی ہے، جبکہ زیادہ استعمال کی صورت میں 4 سے 5 دن تک بھی چارج کی ضرورت نہیں پڑتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فون میں بیٹری دیگر فونز جیسی ہی ہے، تاہم بہتر پاور مینجمنٹ اور پرائیویسی فیچرز کی وجہ سے بیٹری لائف میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
کمپنی کے مطابق MC 03 کو جلد یورپ میں 700 ڈالرز کی قیمت پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ فون ایسے صارفین کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا ہے جو لمبے سفر یا دفتر میں بغیر چارج کے فون استعمال کرنا چاہتے ہیں۔