گوگل نے اینڈرائیڈ ایکو سسٹم سے متعلق ایک تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں استعمال ہونے والے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں سے تقریباً 40 فیصد نئے اور پیچیدہ سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ وہ فونز ہیں جو پرانے اینڈرائیڈ ورژنز پر چل رہے ہیں اور اب انہیں باقاعدہ سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث ان ڈیوائسز کو میل ویئر، اسپائی ویئر اور ڈیٹا چوری جیسے خطرات لاحق ہیں۔
نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گوگل کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹ کے ساتھ یہ تصدیق بھی کی گئی ہے کہ اینڈرائیڈ 12 اور اس سے پرانے ورژنز اب کمپنی کی بنیادی سیکیورٹی سپورٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسے فونز، چاہے وہ کتنے ہی مہنگے یا بہتر ہارڈویئر کے حامل کیوں نہ ہوں، جدید سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، گوگل کے مطابق اس وقت صرف تقریباً 58 فیصد اینڈرائیڈ فونز ہی ایسے ہیں جو فعال سیکیورٹی سپورٹ کے دائرے میں آتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں جمع کیے گئے ڈیٹا کے دوران تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز پر انسٹال پایا گیا۔ اسی طرح اینڈرائیڈ 15، 19.3 فیصد، اینڈرائیڈ 14، 17.9 فیصد اور اینڈرائیڈ 13، 13.9 فیصد فونز میں استعمال ہو رہا تھا۔یہ چاروں ورژنز اس لیے اہم سمجھے جاتے ہیں کیونکہ انہی کے لیے گوگل اب بھی باقاعدہ سیکیورٹی پیچز اور حفاظتی اپ ڈیٹس جاری کر رہا ہے۔ اس کے برعکس اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین عملی طور پر گوگل کی سیکیورٹی شیلڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس صورتحال سے ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ صارفین متاثر ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان کے پاس اپنے فونز کو محفوظ بنانے کا کوئی مؤثر ذریعہ موجود نہیں۔ایسے فونز میں بینکاری ایپس، ذاتی تصاویر، پاس ورڈز اور حساس معلومات زیادہ خطرے میں رہتی ہیں، جنہیں ہیکرز آسانی سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایپل کے حوالے سے بھی یہ بتایا جا رہا ہے کہ کمپنی کو اپنے آئی فون صارفین کو نئے iOS 26 پر اپ گریڈ کرنے میں وقتی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ عارضی ہے کیونکہ ایپل کے زیادہ تر صارفین چند مہینوں میں اپ ڈیٹ ہو جاتے ہیں، اور ایسے آئی فونز کی تعداد نسبتاً کم ہے جو مکمل طور پر سپورٹ سے باہر ہو چکے ہوں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین صارفین کو مشورہ دے رہے ہیں کہ اگر ان کا اینڈرائیڈ فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے نئے ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتا تو انہیں سنجیدگی سے نیا اسمارٹ فون خریدنے پر غور کرنا چاہیے۔
موجودہ ڈیجیٹل دور میں فون کی سیکیورٹی محض ایک سہولت نہیں بلکہ ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے اور پرانے سافٹ ویئر پر انحصار کرنا صارفین کو بڑے مالی اور ذاتی نقصان سے دوچار کر سکتا ہے۔