جے یو آئی (ف) دادو کےضلعی امیر مولانا موسیٰ بابر نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی جانب سے معاشرے میں تقسیم اور تفریق کو ہوا دینے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت قوم کو تفرقہ انگیز بیانیوں کی نہیں بلکہ آپسی اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔
مولانا موسیٰ بابر کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے تمام طبقات کو متحد ہو کر انتشار پھیلانے والی باتوں کو رد کرنا چاہیے اور ریاست کے استحکام و مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور پاکستان کے ساتھ مکمل ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہی وقت کا اصل تقاضا ہے۔
دادو سے تعلق رکھنے والے عالم دین مولانا مفتی حبیب الملکانی نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کے حالیہ بیان کو تفرقہ انگیز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔
انہوں نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو فرقہ وارانہ حدود سے بالاتر ہو کر متحد رہنے کی ضرورت ہے ، موجودہ حالات میں نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے۔
مفتی حبیب الملکانی نے قومی یکجہتی کے تحفظ کے لیے پاک فوج اور ریاست پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی کو بھی ملکی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔