پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان جذبہ حب الوطنی سے منایا گیا

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان جذبہ حب الوطنی سے منایا گیا

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں یومِ پاکستان قومی جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں قومی پرچم بلند کیا۔

تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں یومِ پاکستان کی اہمیت اور قومی عزم کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کی قراردادِ لاہور علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت سات سال کے مختصر عرصے میں اس اجتماعی تحریک کو قیامِ پاکستان کی صورت ایک واضح اظہار ملا۔

انہوں نے تحریکِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں آزادی کے انمول تحفے کے تحفظ، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے مخلصانہ کاوشوں میں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں آج یوم پاکستان ملی جذبے سے منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ آج کے بھارت پر نظر دوڑائیں تو ہندوتوا کا عفریت ہمارے اسلاف کی دوراندیشی کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ کا سبق ہے کہ وہی قومیں حقیقتاً آزاد رہتی ہیں جو اپنی آزادی کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے ایک بار پھر دفاعِ وطن کے لیے قوم کے اجتماعی عزم کی تجدید کی ہے اور پوری دنیا پاکستان کے اپنی خودمختاری کے تحفظ اور آزادی کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی گواہ ہے۔

ناظم الامور نے دفاعِ وطن کے لیے بہادر مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وضع کردہ ڈیٹرنس نہ صرف جنوبی ایشیا میں استحکام کا سبب ہے بلکہ علاقائی امن کی بھی ضمانت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات برابری، باہمی احترام اور تمام تنازعات کے پُرامن حل کی بنیاد پر ہی قائم ہو سکتے ہیں۔

سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کا حصول تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل سے ہی ممکن ہے۔

Related Articles