انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کے دورے کے دوران ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق پیدا ہونے والے تنازع پر اہم مذاکرات متوقع ہیں۔ دونوں شخصیات کی آمد کو اس معاملے میں پیش رفت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
لاہور ایئرپورٹ پر آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کا استقبال چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایڈوائزر عامر میر نے کیا، جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا استقبال پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کیا۔ اس موقع پر سلمان نصیر نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ان ملاقاتوں میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے جڑے معاملات اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام مختلف دیگر اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اس کے میچز سری لنکا میں منتقل کیے جائیں، تاہم آئی سی سی نے اس مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ اس صورتحال کے تناظر میں عمران خواجہ اور امین الاسلام کا دورہ پاکستان نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے، جس کے دوران ممکنہ حل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔