ٹی 20 ورلڈ کپ ،پاکستانی ٹیم کیلئے اگر مگر کی صورتحال،سیمی فائنل میں رسائی کیسے ممکن ؟

ٹی 20 ورلڈ کپ ،پاکستانی ٹیم کیلئے اگر مگر کی صورتحال،سیمی فائنل میں رسائی کیسے ممکن ؟

سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو میں مقابلے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور پاکستانی ٹیم کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ اب محدود اور مشروط ہو گیا ہے۔ انگلینڈ دو میچز میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس اور +1.491 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے اور سیمی فائنل میں جگہ تقریباً یقینی بنا چکا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان نے دو میچز میں ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ -0.461 ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھی ایک میچ بارش کے باعث نہ کھیل سکا، اس کا بھی ایک پوائنٹ ہے لیکن نیٹ رن ریٹ کے باعث وہ پاکستان سے بہتر پوزیشن میں ہے،سری لنکا ایک میچ میں شکست کے بعد صفر پوائنٹس اور -2.550 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ٹی 20ورلڈ کپ،سپر ایٹ مرحلہ ، انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان کا آخری اور فیصلہ کن میچ سری لنکا کے خلاف ہے، جس میں کامیابی اس کیلئے ہر صورت لازم ہو چکی ہے، اب اگلے میچ میں اگر پاکستان سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو اس کے پوائنٹس تین ہو جائیں گے اور وہ نیوزی لینڈ پر سبقت حاصل کرنے کی پوزیشن میں آ جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل سے باہر ہونے کی سب سے واضح صورت یہ ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں انگلینڈ سے شکست کھا جائے۔ اس صورت میں نیوزی لینڈ کے پوائنٹس ایک ہی رہیں گے جبکہ پاکستان سری لنکا کو ہرا کر تین پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لے گا اور براہِ راست سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ انگلینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی، ایسی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے پوائنٹس تین، تین ہو جائیں گے اور پھر فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ چونکہ اس وقت پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی ہے، اس لیے اسے سری لنکا کے خلاف بڑے مارجن سے جیت حاصل کرنا ہوگی تاکہ نیوزی لینڈ کے نیٹ رن ریٹ کو پیچھے چھوڑا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :ورلڈ کپ کے بعد پاکستان، بنگلادیش سیریز کی مجوزہ تاریخیں سامنے آ گئیں

  پاکستان کیلئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور بنائے یا ہدف کا تعاقب کم سے کم اوورز میں مکمل کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ بولنگ میں سری لنکن بیٹنگ لائن کو جلد آؤٹ کرنا بھی ضروری ہوگا تاکہ نیٹ رن ریٹ میں خاطر خواہ بہتری لائی جا سکے۔

مجموعی طور پر پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی دو بنیادی نتائج سے مشروط ہے  ایک، سری لنکا کے خلاف فتح، اور دوسرا، انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کے خلاف نتیجہ۔ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتا ہے اور پاکستان کیلئے سیمی فائنل کا دروازہ کھل جائے گا، بصورت دیگر فیصلہ نیٹ رن ریٹ کے اعصاب شکن مقابلے پر ہوگا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *