بھکر: داجل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملہ ناکام، خودکش حملہ آور کے 3 ساتھی ہلاک، 7 سہولت کار گرفتار

بھکر:  داجل چیک پوسٹ  پر دہشت گردوں کے حملہ ناکام، خودکش حملہ آور کے 3 ساتھی ہلاک،  7 سہولت  کار گرفتار

پنجاب کے ضلع بھکر میں داجل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 اہلکاروں سمیت ایک شہری زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت افغان شہری حیات اللہ ولد عبدالصمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈی آئی خان سے جوائنٹ چیک پوسٹ تک پہنچا اور پنجاب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مشتبہ نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

حملے کے فوری بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس نے مشترکہ سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کے 3 ساتھیوں کو مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا جبکہ 7 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان کے مطابق پنجاب کو خیبرپختونخوا سے ملانے والے دریا کے پل پر قائم پنجاب پولیس کی داجل چیک پوسٹ پر افطار کے وقت حملہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایک شہری بھی زخمیوں میں شامل ہے۔

ڈی پی او کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار فہیم اور شہباز شہید ہوگئے، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر احسان علی کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ واقعے سے متعلق پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا گھات لگا کر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 6 جوان، ایک شہری شہید

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی نے ملک و قوم کی حفاظت کے دوران فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس شہداء کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور بہترین ویلفیئر کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *