پاک فوج اور پاک فضائیہ کی جوابی کارروائیوں میں افغان وزیر تعلیم ندا محمد ندیم ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ طالبان کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ندا محمد ندیم اسپن بولدک کے قریب طالبان کو متحرک کر رہے تھے کہ اسی دوران پاکستانی فضائیہ کے حملے میں ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں طالبان کے ایک بڑے ایمونیشن ڈپو، تین افغانی بٹالین اور سیکٹر ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق موثر حملوں کے دوران 30 سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز بھی تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ اب تک 58 طالبان ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج اور پاک فضائیہ کی جانب سے باجوڑ، تیراہ، اور چترال کے مختلف سیکٹرز میں طالبان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں بریکوٹ بیس بھی شامل ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ اور عسکریت پسند بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
پاک فوج کے مطابق بھارت کی حمایت یافتہ طالبان کی جانب سے پاکستان پر حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، اور جوابی کارروائیاں جاری ہیں۔