وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکولوں کی چھٹیوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص والدین، طلبہ اور اساتذہ غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع ابلاغ پر پھیلنے والی خبروں کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر ابھی تک کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی اہم فیصلے کی صورت میں متعلقہ اداروں کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا، لہٰذا قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
وزیر تعلیم نے شہریوں کو تلقین کی کہ وہ افواہوں کے پھیلاؤ میں حصہ نہ بنیں اور معلومات کی تصدیق کے بغیر انہیں آگے منتقل کرنے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ اطلاعات نہ صرف طلبہ اور والدین کو الجھن میں ڈالتی ہیں بلکہ تعلیمی نظام میں بھی غیر یقینی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر تعلیمی امور سے متعلق ہر فیصلہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد طلبہ کے مفاد کا تحفظ ہوتا ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی خبر یا اطلاع کو درست ماننے سے قبل اس کی تصدیق ضروری ہے
واضح رہے کہ اس سے قبل موسم سرما کی چھٹیوں کے دوران بھی اسی نوعیت کی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں، جنہیں وزیر تعلیم پنجاب نے متعدد بار مسترد کیا تھا اور انہیں جعلی قرار دیا تھا۔