بھارتی میڈیا نے پاکستان کے اسپن بولنگ کے ہتھیار کو ایک خطرناک اور مضبوط عنصر قرار دیا ہے جو ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اسپنرز بھارتی بیٹسمینز کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، اس لیے بھارت کو اس موقع پر محتاط کھیلنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے اسپنرز میں ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق شامل ہیں۔ اگر کولمبو کی کنڈیشنز سازگار رہیں تو یہ اسپن ہتھیار اور بھی مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے یہ بھی بتایا کہ نمیبیا کے خلاف میچ میں اسپن کے خلاف بھارتی بیٹرز کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، کیونکہ پانچ بھارتی کھلاڑی اسپنرز کے خلاف آؤٹ ہوئے، جبکہ یو ایس اے کے خلاف تین بیٹرز اسپنرز کی گیندوں کے جال میں پھنسے۔
اگرچہ بھارت کو ٹورنامنٹ میں فیورٹ سمجھا جا رہا ہے، لیکن ٹیم میں چھوٹی کمزوریاں موجود ہیں جو بڑے میچز میں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ پاکستان کے خلاف میچ میں یہ چھوٹی کمزوریاں بڑے نتائج دے سکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کو پاکستان کے اسپنرز کو ڈی کوڈ کرنا ہوگا، ورنہ مڈل اوورز میں پاکستانی اسپنرز بھارتی بیٹرز کی رفتار کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارتی بیٹسمینز کا سست ہونا اس میچ کی سب سے بڑی کنجی ثابت ہو سکتا ہے اور یہی عنصر پاکستان کے لیے میچ میں برتری کا باعث بن سکتا ہے۔