ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی انڈونیشین صدر سے ملاقات، دفاعی تعاون اور فضائی شراکت داری پر زور

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی انڈونیشین صدر سے ملاقات، دفاعی تعاون اور فضائی شراکت داری پر زور

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورے کے دوران انڈونیشیا کے صدر پربوو سوبیانتو سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ائیر چیف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی روابط کو اجاگر کیا، جبکہ انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ کے جدید تربیتی نظام اور ایرو اسپیس ترقیاتی ڈھانچے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل ائیر چیف نے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجافری سجامسو الدین، مسلح افواج کے کمانڈر اور انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ سے علیحدہ علیحدہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں، جہاں انہیں تمام مقامات پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں جانب سے فضائی افواج کے مابین تعاون، بنیادی سے جدید سطح تک مشترکہ تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور ابھرتے ایرو اسپیس شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انڈونیشین فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے جنگی تجربے اور تربیتی مہارت کو سراہتے ہوئے آپریشنل اور فلائنگ ٹریننگ میں معاونت کی خواہش ظاہر کی۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو دوطرفہ فضائی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار پر انڈونیشین فضائیہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزاز “میڈل آف آنر” بھی عطا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کے لیے خطرے کی گھنٹی،پاکستان کے خلاف انتباہ جاری

مزید برآں، انڈونیشین وزیر دفاع اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں دفاعی و سلامتی سے متعلق وسیع امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ انڈونیشین قیادت نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدیدیت کے عمل اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی جدید تکنیکی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعاون، فضائی روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles