محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے 30 مارچ تک طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ آج بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے جو 27 مارچ کو شدت اختیار کرے گا اور 30 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے، اس دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس موسمی نظام کے زیر اثر ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ان علاقوں میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل اور گوجرانوالہ شامل ہیں جہاں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں 25 سے 26 مارچ اور 28 سے 30 مارچ کے دوران بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بھی 25 سے 26 مارچ اور 28 سے 29 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں 25 سے 30 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران کوسٹ (گوادر، پسنی، اورماڑہ)، لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی، دالبندین، قلات، سبی، کوہلو اور برکھان میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات اور مستونگ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم ایز نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں کمزور تنصیبات جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں،ژالہ باری اور آندھی سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے،کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی حفاظت کے اقدامات کریں۔
عوام خصوصاً سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔