صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت مسلسل حالات کا جائزہ لے رہی ہے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پہلے ہی سرکاری گاڑیوں کے پٹرول کوٹے میں 60 فیصد کمی کی جا چکی ہے تاکہ ایندھن کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں اور اگر یہ صورتحال طویل ہوتی ہے تو اس کے اثرات سب پر پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں ایندھن کے استعمال کو کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہے۔