صوبائی حکومت کے پی کے میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی سرکاری اسکولوں کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا گیا ہے۔اور تمام تعلیمی اداروں کو ہدائت کی گئی ہے کہ نئے ٹائم ٹیبل پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
جاری اعلامیے کے مطابق پرائمری اسکولوں میں طلباء کی حاضری صبح ساڑھے سات بجے مقرر کی گئی ہے جبکہ چھٹی کا وقت دوپہر ایک بج کر پینتیس منٹ ہوگا۔ اس کے علاوہ اسمبلی کے دوران طلباء کی اخلاقی تربیت کو لازمی قرار دیتے ہوئے مختلف موضوعات پر تقاریر، عملی سرگرمیوں اور مثبت رویوں کی تربیت کو روزمرہ معمول کا حصہ بنایا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی ہدایات کے مطابق اسکولوں میں ہفتے میں تین دن طلباء سے تقاریر کروائی جائیں گی جبکہ مزید تین دن خاکوں اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے اخلاقی تعلیم دی جائے گی، تاکہ بچوں کی شخصیت سازی بہتر انداز میں ہو سکے۔
اسی طرح اسکول سربراہان کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ہر ہفتے کے آخری ورکنگ ڈے پر “بزمِ ادب” کا انعقاد یقینی بنایا جائے، جس میں طلباء کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ بزمِ ادب کے بعد آخری تین پیریڈز اساتذہ کی میٹنگ اور رجسٹرز کی تکمیل کے لیے مختص ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی کمی یا کسی استاد کی طویل رخصت کی صورت میں اسکول سربراہان اور سبجیکٹ اسپیشلسٹس خود کلاسز لیں گے تاکہ تدریسی عمل متاثر نہ ہو۔
صوبائی حکام نے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے ٹائم ٹیبل پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور اسکولوں میں نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔