قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے واضح کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومتِ پاکستان کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے اور قومی ٹیم حکومت کے ہر فیصلے کا مکمل احترام کرے گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں کولمبو میں ہونے والی کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ’بھارت کے خلاف میچ کا معاملہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، یہ فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم اس پر مکمل عمل کریں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس حوالے سے کوئی حتمی صورتحال واضح نہیں، تاہم ٹیم ہر حال میں پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہے۔
قومی کپتان نے بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں عدم شمولیت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بنگلہ دیش ٹیم کا ورلڈ کپ میں نہ ہونا واقعی افسوس ناک ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہے اور اس میں سیاست کو شامل نہیں ہونا چاہیے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بطور کپتان یہ ان کا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ ہے، جس کے لیے وہ بے حد پُرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پچھلے ٹورنامنٹس میں ہم فینز کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، لیکن اب ٹیم میں واضح بہتری آئی ہے اور ہم پچھلے چھ ماہ سے مسلسل اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں‘۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں توازن نظر آ رہا ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ نتائج بھی بہتر آئیں گے۔ سلمان علی آغا کے مطابق ’ورلڈ کپ میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، ہر میچ چیلنج ہوتا ہے‘۔
کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم نیدرلینڈز کے خلاف پہلے میچ کی بھرپور تیاری کر رہی ہے اور تمام کھلاڑی مکمل فوکس کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے سری لنکا میں کھیلنے کے تجربے کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے، یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اور یہاں آ کر کرکٹ کھیلنا ہمیشہ اچھا محسوس ہوتا ہے‘۔
ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ٹیم نے کولمبو میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق پریکٹس سیشن کا مقصد کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنا اور کمبی نیشنز کو حتمی شکل دینا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی، جس کے لیے شائقین کرکٹ میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔