حکومت کا قومی کھلاڑیوں کو نیا اعزاز دینے کا اعلان، بڑی رقم مقرر

حکومت کا قومی کھلاڑیوں کو نیا اعزاز دینے کا اعلان، بڑی رقم مقرر

حکومتِ پاکستان نے کھیلوں کے فروغ اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ‘ایتھلیٹ آف دی ایئر’ ایوارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ایوارڈ کے تحت ہر سال بہترین مرد اور بہترین خاتون ایتھلیٹ کو اعزاز سے نوازا جائے گا، جبکہ ہر فاتح کھلاڑی کو 25 لاکھ روپے کیش انعام بھی دیا جائے گا۔

قومی کھلاڑیوں کے لیے اعزاز کا اعلان
قومی کھلاڑیوں کے لیے اعزاز کا اعلان

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایوارڈ سالانہ بنیادوں پر دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ہر سال کے اختتام پر ایک خصوصی اور باوقار ایوارڈ تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ایتھلیٹس کو ان کی محنت اور کامیابیوں کے اعتراف میں اعزازات دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی سکواڈ سری لنکا روانہ،کون کون شامل؟

ذرائع کے مطابق قومی ایتھلیٹس کا انتخاب شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقۂ کار کے تحت کیا جائے گا، جس میں بین الاقوامی مقابلوں میں کارکردگی، قومی سطح پر کامیابیاں، ریکارڈز اور مجموعی پیشہ ورانہ معیار کو مدنظر رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع دینا اور انہیں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے مزید متحرک کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:ارشد ندیم کے لیے بڑا اعزاز، دبئی میں ایتھلیٹس آف دی ایئر قرار

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے اس ایوارڈ اسکیم کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ سے باقاعدہ منظوری حاصل کر لی ہے، جبکہ ایوارڈ کے قواعد و ضوابط اور انتخابی طریقۂ کار کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے۔ حکومتی حکام کے مطابق مستقبل میں اس ایوارڈ کے دائرۂ کار کو مزید وسیع کرتے ہوئے دیگر کھیلوں اور کیٹیگریز کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ایتھلیٹ آف دی ایئر’ جیسے اقدامات سے نہ صرف قومی کھلاڑیوں کی مالی اور اخلاقی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے اعزازات نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور پیشہ ورانہ کھیل کو بطور کیریئر اپنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

Related Articles