نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جاری پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی کشیدگی، سلامتی کے امور اور بین الاقوامی ترقیات پر غور کیا، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اس دوران خطے میں فوری کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف مذاکرات اور سفارت کاری ہی پائیدار امن کے حصول کا قابل عمل راستہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی تاکید کی کہ تمام حملے اور کارروائیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ علاقے میں استحکام قائم رہے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے باور کرایا کہ پاکستان ہمیشہ اس کوشش میں شریک رہے گا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار امن قائم ہو اور خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں باہمی تعاون، اعتماد سازی اور قریبی رابطے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس بات کو سراہا کہ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سنجیدہ سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی خطے میں ثالثانہ سفارت کاری اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار کا ایک اہم مظہر ہے۔